گلبرگہ16؍جون ( اعتماد نیوز): چیف منسٹر سدرامیا کی خصوصی دلچسپی اور وزیر
اقلیتی بہبود الحاج قمرالاسلام صاحب وزیر بلدی نظم و نسق پبلک انٹر پرائزس
وقف حکومت کرناٹک کی بھر پور مساعی کے سبب کرناٹک میں اقلیتوں کی فلاح و
بہبود تعلیمی و معاشی ،سماجی ترقی کے لئے بیشمار اسکیمات لائی گئیں ہیں ۔
لیکن ان اسکیمات سے عدم واقفیت کی بناء پر مستحقین ان اسکیمات سے خاطر خواہ
استفادہ نہیں کر پائی رہے ہیں ۔ اس خیال کا اظہار محمد اصغر چلبل پارٹی
ترجمان ضلع کانگریس و صدر حیدرآباد کرناٹک اُردو جرنلسٹس اسوسی ایشن نے کیا
ہے ۔ وہ کل شام شاداب فنکشن ہال گلبرگہ میں منعقدہ نیو ورلڈ فاؤنڈیشن کے
قیام کے2سال مکمل ہونے پر منعقدہ اقلیتی بہبود اسکیمات سے متعلق بیداری
پروگرام میں صدارتی تقریر کر رہے تھے ،اُنہوں نے مزید کہا کہ الحاج
قمرالاسلام صاحب نے مختلف فنی و پیشہ وارانہ کورسیس میں اقلیتی طلبہ و
طالبات کو یقینی بنانے کے لئے اس سال ایک منفرد اسکیم شروع کی ہے اس اسکیم
کے تحت سی ای ٹی کامیاب ہونے والے اقلیتی طلباو طالبات کی مکمل فیس داخلہ
سے قبل متعلقہ کالجس میں کے ایم ڈی سی کی جانب سے راست جمع کروائی جائے گی۔
محمد اصغر چلبل نے اقلیتی بہبود اسکیمات سے متعلق نیو ورلڈ فاؤنڈیشن
گلبرگہ کی جانب سے شائع کئے گئے معلوماتی انگریزی کتابچہ کا اجراء انجام
دیا جبکہ ایک یوم قبل ایوان شاہی میں اُردو کتابچہ کا وزیر اقلیتی بہبود
حکومت کرناٹک الحاج قمرالاسلام صاحب نے اجراء کیا ۔الحاج قمرالاسلام صاحب
نے کتابچہ کی اشاعت پر نیو ورلڈ فاؤنڈیشن کے
صدر محمد عظمت اللہ کی بھر پور
ستائش کرتے ہوئے کتابچہ کو بے حد معلوماتی اور ملت کی اہم خدمت قرار دیا
۔جلسہ کی کارروائی کا آغاز مولانا محمد فاروق برکاتی کی قرأت اور مولوی
محمد خواجہ گیسودراز کی نعت سے ہوا۔ محمد عظمت اللہ صدر نیو ورلڈ فاؤنڈیشن
نے خیر مقدمی تقریر کرتے ہوئے نیو ورلڈ فاؤنڈیشن کی 2سالہ کارکردگی کی
رپورٹ پیش کی ۔ سینئر صحافی عزیز اللہ سرمست نے جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے
بتایا کہ نیو ورلڈ فاؤنڈیشن نے اپنے قیام کے صرف2سالہ عرصہ میں بہترین
سماجی خدمات کے لئے قومی سطح کا ایکسیلینس ایوارڈ حاصل کیا ہے جس سے گلبرگہ
کی بڑی نیک نامی ہوئی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اسلام میں سب سے پہلے سماجی
خدمت اور فلاح کا تصور پیش کیا ۔ اُنہوں نے اس بات پر سخت اظہار تاسف کیا
کہ آج سماجی خدمت کے جذبہ کا فقدان پایا جاتا ہے ۔ جبکہ ہمارے اسلاف نے
ہمیشہ سماجی خدمت کو اپنے تمام کاموں پر مقدم رکھا۔ رابعہ خانم صدر الفراح
مہیلا منڈل ، احمد ی بیگم صدر عائشہ مہیلا منڈل نے بھی جلسہ کو مخاطب کیا
محمد جاوید این آر آئی چیرمن ورکس کمیٹی سٹی کارپوریشن گلبرگہ ،مظہر عالم
خان جنرل سیکریٹری ضلع کانگریس کمیٹی، محمد اسماعیل پلم ، محمد اعظم پٹیل،
ناصر احمد مولانا سابق کارپوریٹر ، واحد علی فاتحہ خوانی صدر اقلیتی
ڈپارٹمنٹ سٹی کانگریس، عادل سلیمان سیٹھ جنرل سیکریٹری گلبرگہ شمال بلاک
کانگریس نے مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ غلام سبحانی اویس رکن
فاؤنڈیشن نے شکریہ ادا کیا ، محمد خواجہ گیسودراز نے جلسہ کی کارروائی
نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ چلائی ۔